(قذافی بٹ) گور نر پنجاب چودھری محمد سرور نےاحتجاجی تحریک کے اعلان پر مولانا فضل الرحمن کو مشورہ دے دیا۔ کہتے ہیں حکومت کیلئے اور بھی بہت سے مسائل ہیں ، مولانا احتجاج نہیں عام انتخابات کا انتظار کریں۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ساڑھے تین سال باقی ہیں، مولانا احتجاج نہیں عام انتخابات کا انتظار کر یں ، مولانا فضل الر حمن پہلے بھی دھرنا دے چکے ہیں اب حکومت کو کام کر نے دیں، انہوں نے کہا کہ انتخابات ہوں گے تو مولانا فضل الر حمن عوام کے پاس جائیں پھر عوام جو مرضی فیصلہ کریں ۔چودھری محمدسرور کا کہنا تھا کہ ملک کسی احتجاج اور دھر نوں کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔استحکام ملک کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الر حمن پہلے بھی احتجاج کیلئے آئے وہ ہمارے لیے اب بھی قابل احترام ہیں۔گور نر پنجاب کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن نے پنجاب میں کہاں سے احتجاج شروع کرنا ہے اسکی تفصیلات سامنے نہیں آئیں، حالات دیکھنے کے بعد مولانا فضل الرحمن کے احتجاج کے بارے حکومتی حکمت عملی بنائیں گے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ احتجاج اپوزیشن کا حق ہے مگر سب کو ملک وقوم کے مفاد کیلئے سوچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تحفظات رکھتے ہیں اور ان کی پوری کوشش ہے کہ مہنگائی کا خاتمہ ہو، یہاں ایک نہیں بہت سے مافیاز ہیں مگر مہنگائی اور آٹے بحران کے ذمہ دار سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔