(زین مدنی )ٹی وی و فلم کے معروف اداکار یاسرحسین کو کراچی کے ساحل پر اپنی اہلیہ اقرا عزیز حسین کی یاد آگئی۔
گزشتہ روز یاسر حسین نے اپنے دوستوں کے ساتھ کراچی کے ساحل پر پکنک منائی اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے دوستوں کے ہمراہ کچھ تصاویر شیئر کیں۔ یاسر حسین اپنے دوستوں کے ہمراہ کراچی کی ایکوا بیچ پر موجود تھے اور وہ تصاویر میں خوب انجوائے کرتے نظر آرہے تھے۔
اداکار نے کیپشن میں اقرا عزیز کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ اقرا آپ کو بھی آنا چاہیے تھا، آپ کو بہت مِس کیا۔ اِس کے علاوہ یاسر حسین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کچھ کھانے کی ویڈیوز بھی شیئر کیں جن میں وہ اپنے دوستوں کے ساتھ کھانا بنا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اداکار یاسر حسین نے گزشتہ سال اقرا عزیز کو لکس اسٹائل ایوارڈ کے دوران شادی کی پیشکش کی تھی۔یاسر نے ایوارڈ شو میں اقرا عزیز کو سب کے سامنے انگوٹھی پہنائی جبکہ ان کے گال پر بوسہ بھی دیا تھا۔
اس کے بعددسمبر میں ان دونوں کی شادی کا کارڈ منظر عام پر آیا، جس کے بعد اداکاروں کی شادی کی تقریبات کا آغاز 25 دسمبر سے ہوا تھا۔شادی کی تقریبات کا آغاز رواں ماہ 25 تاریخ سے مایوں کی رسم کے ساتھ ہوا۔ان کی مہندی کی تقریب بھی شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں شوبز سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔اقرا عزیز نے اپنے مایوں اور مہندی میں زرد رنگ جبکہ یاسر نے سفید رنگ کا لباس زیب تن کیا تھا ۔
اقرا عزیز نے اپنی بارات میں سرخ رنگ کا لہنگا زیب تن کیا جس پر سرخ رنگ سے ہی خوبصورت کام کیا گیا جبکہ یاسر حسین نے سنہرے رنگ کی شیروانی زیب تن کی۔
دونوں کی جوڑی کو شوبز ستاروں سمیت سوشل میڈیا پر ان کے چاہنے والوں نے خوب سراہا۔