( شہزاد خان ) مسائل سے عاجز ٹیکسٹائل سیکٹر سے منسلک بزنس کمیونٹی کا اجلاس کنونیئر شیخ ادیب اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا، صنعتکاروں نے وفاقی حکومت سے سیلز ٹیکس ری فنڈ کا طریقہ کار وضع کرنے، ٹیکسوں کی شرح کم کرنے اور چھاپوں کا سلسلہ روکنے کا مطالبہ کردیا۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ اجلاس میں ملک ریاض اقبال، جاوید اقبال، منصور جبار، ساجد منہاس، نعیم انور، عمر مبارک، ملک فضل قدیر سمیت دیگر معروف صنعتکار شریک ہوئے۔ کنونیئر شیخ ادیب اقبال نے ٹیکسٹائل سیکٹر کا سیلز ٹیکس ری فنڈز کا طریقہ کار وضع کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مین میڈ فیبرکس انڈسٹری کو پرموٹ کرنے کیلئے حکومت ٹیکسوں کو کم کرے۔ ادیب اقبال نے کہا کہ صنعتی زونز، مارکیٹوں، فیکٹریوں میں ایف بی آر، کسٹمز کے چھاپوں سے کاروباری سرگرمیوں پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ وفاقی حکومت مختلف محکموں کے چھاپوں کو روکے بصورت دیگر سرمایہ ملک سے باہر منتقل ہوجانے کا خدشہ ہے۔