ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

توشہ خانہ ٹو کیس:عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد

توشہ خانہ ٹو کیس:عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ارشاد قریشی ,جمال الدین جمالی: توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی گئی ۔

 عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی، کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی،اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان کے علاوہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی بھی اڈیالہ جیل میں موجود تھیں،ملزموں نے صحت جرم سے انکار کر دیا ۔

 اسپیشل عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے فرد جرم پڑھ کرسنائی جس کے بعد توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 18 دسمبرتک ملتوی کردی گئی۔

 کیس کی گزشتہ سماعت 5 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہوئی تھی ، سماعت کے دوران بشریٰ بی بی عدالت میں حاضر نہیں ہوئی تھیں جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے تھے۔

 عدالت نے ملزمہ کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی تھی۔

 یاد رہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 13 جولائی کو عدت کیس میں بری کیے جانے کے بعد اس کیس میں گرفتار کیا گیا تھا جب کہ اسلام آباد ہائی کورٹ دونوں ملزمان کی ضمانت منظور کرچکی ہیں، بشریٰ بی بی کو رہائی مل گئی تاہم عمران خان کو ضمانت ملنے کے باوجود رہائی نہ مل سکی۔

 توشہ خانہ ٹو کیس میں اکتوبر کے آخری ہفتے میں بشریٰ بی بی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے 10 لاکھ روپے کی ضمانت پر رہا کرنے کے احکام جاری کئے تھے، جس کے بعد ان کی رہائی کی روبکار جاری کی گئی تھی اور بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے نکل کر پشاور چلی گئی تھیں۔

 بشریٰ بی بی کو رواں سال 31 جنوری کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی،احتساب عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد بشریٰ بی بی نے خود جیل جاکر گرفتاری دی تھی اور انہوں نے مجموعی طور پر 9 ماہ کا عرصہ جیل میں گزارا ہے۔

 سابق خاتون اول کی گرفتاری کےبعد کمشنر اسلام آباد نے بنی گالا میں واقع سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا تھا جس کے بعد بشریٰ بی بی کو بنی گالا منتقل کردیا گیا تھا تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کردی تھی لیکن نیب نے توشہ خانہ کیس ٹو میں انہیں 13 جولائی 2024 کو دوبارہ گرفتار کرلیا تھا۔

 رواں سال 3 فروری کو اسلام آباد کے سول جج قدرت اللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کو دوران عدت نکاح کے مقدمے میں 7 سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم 13 جولائی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے دوران عدت نکاح کے مقدمے میں سزا کو کالعدم قرار دےکر عمران خان اور بشریٰ بی بی کو بری کردیا تھا۔