ویب ڈیسک: مقبول تُرک سیریز ’ ارطغرل غازی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار انجین التان دوزیتان نے اپنی عالمی شہرت کا سارا کریڈٹ پاکستان کو دے دیا۔
انجین التان دوزیتان نے حال ہی میں سعودی عرب میں منعقد ہونے والے 'ریڈ سی فلم فیسٹیول' میں گفتگو کے دوران پاکستان میں اپنے ڈرامے کی مقبولیت کے بارے میں بات کی۔ایونٹ کے دوران بات کرتے ہوئے ترک اداکار نے کہا کہ ان کے ڈرامے کو پوری دنیا میں سراہا گیا، ان کا ڈراما پہلے ہی اپنے ملک میں مقبول ہوچکا تھا لیکن پاکستان میں نشر ہونے کے بعد الگ ہی معاملہ ہوا۔
انجین التان دوزیتان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں فلموں اور ڈراموں کے شائقین تقریبا ایک جیسے ہی ہوتے ہیں لیکن ’ ارطغرل غازی‘ کے پاکستان میں نشر ہونے کے بعد انہیں دوسری طرح کی پذیرائی ملی۔انہیں پاکستان میں ’ ارطغرل غازی‘ کی وجہ سے کافی شہرت ملی، ساتھ ہی دنیا بھر میں ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا اور وہ سمجھتے ہیں کہ ان کی مقبولیت میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انجین التان دوزیتان نے بتایا کہ ارطغرل ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ان پر کردار کا اثر ہوچکا تھا اور انہیں کردار کے اثر سے نکلنے میں کافی وقت لگا۔انجین التان دوزیتان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی خواہش رہی ہے کہ وہ کسی ڈرامے یا فلم میں جدید ترکیہ کے بانی کمال اتاترک کا کردار ادا کریں۔
واضح رہے کہ 'ریڈ سی فلم فیسٹیول' کا چوتھا ایڈیشن اس وقت جدہ میں جاری ہے، جس میں بین الاقوامی فلمی برادری کے کئی بڑے ناموں کو سعودی عرب میں عالمی سنیما کے شاندار جشن کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی دورِ حکومت میں سابق وزیراعظم عمران خان کی تجویز پر ترک ڈرامے ’ ارطغرل غازی‘ کو پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر نشر کیا گیا تھا اور اس نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے تھے۔