خشک سردی یا بارش؟محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

12 Dec, 2024 | 09:27 AM

 اقصی شاہد، کومل اسلم : ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدیدسرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم صبح کے اوقات میں گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اورکشمیر میں چند مقامات پرہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے ۔ مری اور گلیات میں صبح کے اوقات میں ہلکی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ  درجہ حرارت 20 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی کی شرح 277 ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث باغوں کا شہر آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ جوہر ٹاؤن میں فضائی آلودگی کی شرح 392 جبکہ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان میں 332 ریکارڈ کی گئی۔شہر میں سموگ بڑھنے کے باعث حدنگاہ میں بھی  کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔  ماہرین کے مطابق موسم سرما میں شدت آنا شروع ہو گئی ہے جس سے آلودگی کی سطح میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

 کراچی  میں  آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کے ساتھ ہلکی دھند بھی پڑ سکتی ہے۔محکمہ ماسمیات کے مطابق   شہر  قائد کا موجودہ درجہ حرارت 13 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔  شمال مشرق سمت سے 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 42 فیصد ہے۔ شہر میں ہواؤں کی سمت تبدیل ہونے سے فضائی معیار مضر صحت ہو چکا ہے جس کے باعث کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر آ گیا ہے۔ ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر میں ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 138 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔کراچی کے مختلف علاقوں خصوصاً گلشن اقبال میں ایئرکوالٹی انڈیکس 174 ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین نے شہریوں کو ماسک پہننے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ 

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے  پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ مری، گلیات اور گردو نواح میں شدید سرداور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ صبح میں چند مقامات پرہلکی بارش اور  برفباری ہو سکتی ہے  جبکہ سرگودھا،فیصل آباد، جھنگ،ملتان، خانیوال،ڈی جی خان،لیہ، خانپور، رحیم یار خان،اوکاڑہ،ساہیوال، بہاولپور اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں ہلکی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے ۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ سکھر، کشمور، جیکب آباد، موہنجوداڑو اور گر دو نواح میں بعض مقامات پر صبح کے اوقات میں ہلکی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش /برفباری کا امکان ہے ۔ 

موسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ صبح کے اوقات میں موسم شدید سرد/کہرا پڑنے کی توقع ہے ۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد/ مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے،  تاہم کوہستان، چترال،دیر، سوات،مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں چند مقامات پر ہلکی بارش / برفباری ہو سکتی ہے ۔

مزیدخبریں