ڈیرہ اسمعیل خان میں پاک فوج کی جرات و بہادری کی ایک اور داستاں رقم،  23 شہیدوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

12 Dec, 2023 | 09:10 PM

This browser does not support the video element.

سٹی42: ڈیرہ اسمعیل خان میں وطن دشمن عناصر کے دہشت گرد حملے کا مقابلہ کرتے شہید ہونے والے 23 جوانوں کی نماز جنازہ ڈیرہ اسمعیل خان چھاؤنی میں ادا کی گئی۔
 کور کمانڈر پشاور، فوجی افسروں، جوانوں اور عوام کی بڑی تعداد  نے 23  جلیل القدر شہیدوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
 مادر وطن کے یہ جانباز درابن، ڈی آئی خان میں دہشت گرد حملے میں شہید ہوئے۔شہداء کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ  ان کےآبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

ڈیرہ اسمعیل خان میں پاک فوج کی جرات و بہادری کی ایک اور داستاں رقم

 آج پاک فوج کے جوانوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ریاستِ پاکستان کے دشمن دہشتگردوں کے خلاف مختلف کارروائیوں کےدوران 27 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جب کہ اس دوران پاک فوج کے 23 جوان وطن کی حفاظت کا فرض ادا کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔

 ڈیرہ اسماعیل خان میں 11اور 12 دسمبر کی درمیانی رات دہشتگردوں کی سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں جس پر ڈی آئی خان کے علاقے درازندہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ اس آپریشن کے دوران 17 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔

بعد ازاں آج منگل کی صبح 6 دہشتگردوں نے دارابن میں سکیورٹی فورسز کی  ایک پوسٹ پرحملہ کیا جس دوران سکیورٹی فورسز نے چوکی پر دہشتگردوں کے داخلے کی کوشش ناکام بنادی۔ اس ک ناکامی کے بعد دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی کو چوکی سے ٹکرادیا جس کے نتیجے میں ہونے والے دھماکوں سے عمارت گرگئی اور متعدد  اموات ہوئیں۔

اس خودکش حملے کے بعد علاقے میں موجود تمام 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا جب کہ اس دوران 23 بہادر سپاہیوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کو گلے لگایا۔

 درازندہ کے علاقے میں آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو تباہ کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر  نے بتایا کہ کلاچی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو تلاش کیا گیا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد  پاک فوج کے 2 بہادر جوان شہید ہوگئے۔

ڈیرہ اسمعیل خان میں ہلاک ہونے والے دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ یہ ہلاک دہشتگرد معصوم شہریوں کے قتل میں بھی سرگرم تھے، کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

اس وقت علاقے میں موجود دہشتگرد کو ختم کرنے کےلیے کلیئرنس آپریشنز کیے جا رہے ہیں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں،  آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی دفاعِ وطن کی خاطر  قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

مزیدخبریں