ویب ڈیسک: خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی موت کو ڈھائی برس بیت گئے لیکن ان کا گھر آج بھی لوگوں کے لئے خوف کی علامت بنا ہوا ہے۔رئیل اسٹیٹ بروکرز کا کہنا ہے کہ اس گھر کا مالک بھارت میں نہیں رہتا، اس واقعے کے بعد وہ کسی فلمی ستارے کو اپنا گھر کرائے پر نہیں دینا چاہتا، اس نے واضح طور پر بروکرز کو فلیٹ کسی دوسرے شعبے سے وابستہ لوگوں کو دینے کا کہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سُشانت سنگھ راجپوت کو دنیا سے رخصت ہوئے ڈھائی سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن ان کا باندرہ ویسٹ فلیٹ ابھی تک خالی پڑا ہے۔ یہ فلیٹ انہوں نے کرائے پر لیا تھا لیکن اب کوئی کرایہ دار اس گھر میں رہائش اختیار کرنے کو تیار نہیں۔ بروکرز کا کہنا ہے کہ سمندر کے کنارے اس اپارٹمنٹ میں چار بڑے کمرے ہیں۔ اس میں ایک بڑا ہال اور ایک ڈرائنگ روم ہے۔ اچھا محل و وقوع ہونے کے باوجود لوگ یہ فلیٹ خریدنے سے ڈرتے ہیں۔جو بھی یہ فلیٹ دیکھنے کے لیے آتا ہے اسے پہلے ہی بتا دیا جاتا ہے کہ یہ وہی فلیٹ ہے جہاں سُشانت سنگھ راجپوت رہتے تھے، کچھ لوگ اس فلیٹ کی تاریخ کو برا نہیں سمجھتے اور کرائے پر لینا چاہتے ہیں لیکن ان کے دوست اور خاندان کے دیگر افراد انہیں روک دیتے ہیں‘۔
ان کا کہنا ہے کہ پہلے لوگ اس فلیٹ کو دیکھنے بھی نہیں آتے تھے لیکن اب آہستہ آہستہ لوگ اسے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں، اس گھر کو کرائے پر لینے کے خواہشمند افراد کو پتہ چلتا ہے کہ سشانت نے اس فلیٹ پر خودکشی کی تھی تو وہ واپس نہیں آتے۔ ’اب جب اداکار کی موت کی خبر پرانی ہوچکی ہے تو لوگ کم از کم فلیٹ دیکھنے آرہے ہیں لیکن ابھی تک کسی کے ساتھ کوئی معاہدہ طے نہیں ہورہا ہے‘۔اُنہوں نے کہا کہ ’مالک مکان کرایہ کم کرنے پر بھی راضی نہیں ہے، اگر وہ کرایہ کم کرنے پر راضی ہوجائے تو کوئی بھی یہ فلیٹ آسانی سے کرائے پر لینے کے لیے مان جائے گا‘۔
یاد رہے کہ بالی ووڈ کے اداکار سُشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون 2020 کو ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع اپنے فلیٹ میں خودکشی کرلی تھی۔