ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے عمران خان کی پریس کانفرنس کا نوٹس لے لیا، الیکشن کمیشن نے پیمرا سے گزشتہ روز کی تقریرکا سکرپٹ مانگ لیا۔ پیمرا کو آج ہی تقریر کا اسکرپٹ فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
الیکشن کمیشن حکام کے ذرائع کے مطبق الیکشن کمیشن آرٹیکل 204 کے تحت عمران خان کیخلاف کارروائی کرسکتا ہے۔ عمران خان نےگزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ الیکشن کمیشن پہلے ہی عمران خان کے خلاف توہین چیف الیکشن کمشنر کی کارروائی کر رہا ہے۔
ادھر الیکشن کمیشن نے 13 دسمبر کو عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے سمیت 5 اہم کیسز ڈی لسٹ کر دیئے۔ اب سماعت 20 دسمبر کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ڈی لسٹ کئے گئے کیسز کی سماعت اب 20 دسمبر کو ہوگی، بنچ کی عدم دستیابی پر الیکشن کمیشن نے کیسز کو ڈ ی لسٹ کیا۔ الیکشن کمیشن نے کل عمران خان کے انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر کیس کی سماعت کرنا تھی۔ الیکشن کمیشن نے ممنوع فنڈنگ ضبطگی کیس کی سماعت بھی کل مقرر کر رکھی تھی۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا کیس بھی ڈی لسٹ کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کی درخواست پر بھی سماعت کرنا تھی۔ الیکشن کمیشن عمران خان، اسد عمر، فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیسز کی سماعت کل ہی کرے گا۔