اویس کیانی: پنڈورا پیپرز کی تحقیقات متاثر ہونے کا خدشہ، وزیر اعظم انسپکشن کمیشن کے دو ممبران کا کنٹریکٹ ختم ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم انسپکشن کمیشن کے دو ممبران کا کنٹریکٹ ختم ہوگیا ہے۔ پی ایم آئی سی کے ممبر ابو عاکف اور ڈاکٹر ایم اے کمال کا کنٹریکٹ ختم ہوا ہے، دونوں ممبران کا ایک سال کا کنٹریکٹ آج ختم ہوا۔ پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد کمال پنڈورا پیپرز تحقیقات کرنے والی کمیٹی کے سربراہ ہیں۔
پروفسیر ممتاز احمد کمال کو وائٹ کالر کرائم کا تجربہ نہ ہونے کے باوجود پنڈورا پیپرز تحقیقاتی ٹیم کا سربراہ بنایا گیا تھا۔ پی ایم آئی سی کے رکن چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ عبد الوہاب کو پنڈورا پیپرز کی تحقیقات میں شامل نہیں کیا گیا۔ پی ایم آئی سی چیئرمین نے پنڈورا پیپرز کی سربراہی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی بجائے یو ای ٹی کے سابق وی سی کو دی تھی۔
دوسری جانب چیئرمین وزیر اعظم انسپکشن کمیشن احمد یار ہراج نے دونوں ممبران کے کنٹریکٹ میں توسیع کی سمری بھجوا دی ہے۔ دونوں ممبران کے کنٹریکٹس میں توسیع کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔
یاد رہے پنڈورا پیپرز میں 700 پاکستانیوں کی آف شور کمپنیاں سامنے آئی تھیں۔