( اکمل سومرو ) پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کا نجی پبلشرز سے پیسے بٹورنے کا نیا منصوبہ، ٹیکسٹ بک بورڈ نے کتاب نظر ثانی کی فیس ایک لاکھ پچاس ہزار روپے مقرر کر دی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے کتابوں کے اشاعتی اداروں کے مالی دباؤ میں اصافہ کر دیا ہے۔ ٹیکسٹ بک بورڈ نے پہلی سے بارہویں جماعت تک کی کتابوں کی اشاعت کی ریویو فیس میں پانچ گنا اضافہ کر دیا ہے۔ بورڈ نے پرائیویٹ کتابوں کی اشاعت پر کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی شرط عائد کی ہے اور کلیئرنس سرٹیفکیٹ کیلئے بورڈ کے تحت کتابوں کے ریویوز کیے جائیں گے۔
کتابوں پر ریویو کیلئے بورڈ نے فیس میں اضافہ کر کے فی کتاب ایک لاکھ پچاس ہزار روپے مقرر کر دیئے ہیں۔ ٹیکسٹ بک بورڈ سے کتاب کے ریویو پر 30 ہزار روپے فیس وصولی مقرر تھی۔ بورڈ نے نئے پبلشرز کی رجسٹریشن کی فیس بڑھا کر 50 ہزار روپے مقرر کر دی ہے۔
نجی پبلشرز پر اپنی تمام کتابوں کیلئے بورڈ سے ریویو کے نام پر منظوری حاصل کرنے کی شرط عائد ہے۔ ٹیکسٹ بک بورڈ کتابوں پر کلیئرنس سرٹیفکیٹ صرف تین سال کیلئے جاری کرے گا۔ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کے ڈائیریکٹر مسودات عطاء دستگیر نے مراسلہ جاری کر دیا۔