وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالتے ہی شیخ رشید کا دبنگ اعلان

12 Dec, 2020 | 12:34 PM

M .SAJID .KHAN

(سعیداحمد سعید)نومنتخب وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کاکہناہے کہ 13 دسمبر کو جس نے بھی قانون کو ہاتھ میں لیا،دھر لیا جائے گا،اپنی اولادوں کو بنکرز میں رکھنے والے غریب عوام کی قربانی مانگ رہے ہیں، اپوزیشن جو مرضی کرلے عمران خان پانچ سال پورے کرے گا،دینی جماعتوں کو سینے لگاوں گا، ختم نبوت کا مجاہد ہوں۔

تفصیلات کے مطابق سینئر سیاست دان اور وفاقی وزیر ریلوے کو وزارت داخلہ کا قلمدان سونپ دیا گیا، وزارت داخلہ شیخ رشید احمد کی 15 ویں وزارت ہوگئی,  شیخ رشید احمداپوزیشن کو للکارتے ہوئے بولے کہ پی ڈی ایم کا 13 دسمبر کو مینار پاکستان پر جلسہ ناکام ہوگا، اپوزیشن صرف عمران خان کوہٹانے کے لئے اکٹھی ہوئی ہے، یہ سیاست میں اتوار بازار لگانا چاہتے ہیں۔

شیخ رشید احمد نے سیاست دانوں پر جانی حملے کا عندیہ دیتے ہوئے کہاکہ عمران خان مینار پاکستان سے عروج پر پہنچا، پی ڈی ایم زوال کو پہنچے گی ،مارچ میں سینیٹ الیکشن کے بعد سب کچھ تبدیل ہوجائے گا۔ان کاکہناتھاکہ اپوزیشن جو تحریک چلا رہی اس میں منہ کے بل گریں گے۔ شیخ رشید احمد نے وزارت ریلوے سے متعلق اپنی غلطیاں تسلیم کرتے ہوئے کہاکہ ریلوے میں ڈھائی سال میں غلط کام ہوا تو وہ میں نے کیا ہے،ویگنیں یا انجن نہیں خریدے،ایم ایل ون مکمل ہو چکا ہے،سواتی اس کا صرف ٹینڈر لگائیں گے،ہر پندرہ روز میں لاہور آیا کروں گا کیونکہ وزارت داخلہ کی ذمہ داریاں ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے بریگیڈیئر ریٹائر سید اعجاز شاہ سے وزارت داخلہ کا قلمدان لے کر شیخ رشید کوسونپ دیا ہے، یہ وزارت شیخ رشید کی 15ویں وزارت ہے، شیخ رشید احمد پہلی دفعہ 1991 میں نواز شریف کابینہ میں وزیر صنعت بنے، اس دوران وزارت ثقافت بھی ان کے پاس رہی۔ نواز شریف کے دوسرے دور حکومت میں شیخ رشید احمد کو کھیل،ثقافت سیاحت امور نوجوانان ،محنت افرادی قوت اور سمندر پار پاکستانیوں کے قلمدان سونپے گئے۔

2002 میں مرحوم سابق وزیر اعظم ظفراللہ جمالی کے دور میں وزیر اطلاعات رہے۔ بعدازاں شوکت عزیز کابینہ میں بھی وزیر ریلوے اور وزیر اطلاعات رہے۔ 2018 میں الیکشن جیتنے کے بعد وزیراعظم پاکستان عمران خان نے شیخ رشید کو وزیر ریلوے تعینات کیا، دو سال اور تین ماہ کے بعد شیخ رشید کو وفاقی وزیر داخلہ بنا دیا گیا۔

مزیدخبریں