"میرے پاس تم ہو " نےگیم آف تھرونز کو پیچھے چھوڑدیا

12 Dec, 2019 | 11:33 AM

Sughra Afzal

(زین مدنی ) پاکستان میں کئی ریکارڈ توڑنے اوربنانے کے بعد ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو اب بین الاقوامی سطح پر بھی اپنے جھنڈے گاڑ رہاہے، ہرہفتے لوگ شدت سے ڈرامے کی اگلی قسط کا انتظار کرتے ہیں جبکہ ہر نئی قسط کے ساتھ یہ ڈرامہ دیگر ڈراموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹیلی ویژن ریٹنگ پوائنٹ (ٹی آر پی) کے نئے ریکارڈ بنارہا ہے جبکہ یوٹیوب پر بھی اس ڈرامے کو بہت پسند کیا جارہا ہے۔

گوگل کے مطابق ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو نے آئی ایم ڈی بی( انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس) پردنیا بھر میں مقبول ترین ٹی وی سیریز گیم آف تھرونز کو بھی پیچھے چھوڑدیا ہے، آئی ایم ڈی بی ایک آن لائن ڈیٹا بیس یعنی اعدادوشمار اور درجہ بندی کی ویب سائٹ ہے جو دنیا بھرسے فلموں، ڈراموں، ویڈیوز اور گیمز وغیرہ کے اعدادوشمار اورریٹنگ جاری کرتی ہے،دنیا بھر میں آئی ایم ڈی بی کی ریٹنگ کو نہایت معتبر مانا جاتا ہے۔

سرچ انجن گوگل کے مطابق ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو کی ریٹنگ آئی ایم ڈی بی پر 10 میں 9.9 اورگیم آف تھرونز کی 10 میں سے 9.4 ہے تاہم گوگل کے برعکس آئی ایم ڈی بی کی ویب سائٹ پر ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو کی ریٹنگ 9.9 کے بجائے7.7 آرہی ہے۔

واضح رہے کہ آئی ایم ڈی بی کی درجہ بندی کا نظام اس کے رجسٹرڈ صارفین کی جانب سے کاسٹ کیے جانے والے ہر انفرادی ووٹ کے تحت ہوتا ہے، ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو کی اب تک 17 اقساط نشر ہوچکی ہیں۔

مزیدخبریں