(اکمل سومرو) کوئین میری کالج کی فرسٹ ائیر کی طالبہ کالج بس تلے آکر جاں بحق ہوگئی، وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئین میری کالج کی فرسٹ ایئر کی طالبہ بس ڈرائیور کی غفلت کے باعث جاں بحق ہوگئی، بس ڈرائیور نے کالج گیٹ سے گاڑی نکالتے ہوئے طالبہ کا سر کچل ڈالا، رومائیسہ وحید کوئین میری کالج میں رول نمر 754 کے تحت فرسٹ ایئر کی طالبہ تھی۔
جاں بحق ہونے والی طالبہ کی کلاس فیلوز کے مطابق کل 12 بج کر 35 منٹ کے قریب کالج کے مین گیٹ پر حادثہ پیش آیا، بس ڈرائیور گاڑی گیٹ سے باہر نکال رہا تھا کہ بس کے پچھلے حصے نے رومائیسہ وحید کا سر دیوار کے ساتھ مار دیا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔
کالج کی پرنسپل ڈاکٹر عرفانہ مریم کا کہنا ہے کہ وائس پرنسپل کی سربراہی میں پانچ رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے کمیٹی چوبیس گھنٹے میں اپنی رپورٹ جمع کروائے گی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور اور صوبائی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ غفلت کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے، وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جاں بحق طالبہ کے لواحقین کے ساتھ انصاف ہو گا۔