ن لیگ کو بڑا دھچکا لگ گیا ، تین ارکان اسمبلی نے استعفے دے دیئے

12 Dec, 2017 | 01:22 PM

(سٹی 42): صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے مسلم لیگ نون کے تین ارکان پنجاب اسمبلی نے اپنےاستعفےاسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادیئے ۔

تفصیلات کے مطابق تین ارکان صوبائی اسمبلی کے استعفے پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ کوموصول ہو گئے،مستعفی ہونے والوں میں خان بلوچ،صاحبزادہ نظام الدین سیالوی،مولانا رحمت اللہ  شامل ہیں۔پی پی 37 سے رکن اسمبلی صاحبزادہ غلام نظام الدین سیالوی کی جانب سے دیئے گئے استعفے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کی کابینہ میں شامل ایک رکن نے ختم نبوت پر گستاخانہ رویہ اپنایا۔ انہوں نے احتجاج کیا مگر کسی نے بات نہیں سنی۔

 پی پی 81 سے رکن اسمبلی محمد خان بلوچ کی جانب سے استعفے کے متن میں کہا گیا کہ پنجاب کابینہ میں شامل رکن نے ختم نبوت پر گستاخانہ بیان دیا ۔جس پر سبھی سراپا احتجاج ہیں۔

 پی پی 74 سے رکن اسمبلی محمد رحمت اللہ نے اپنے استعفے کے متن میں کہا کہ رانا ثنا اللہ خان نے ختم نبوت پر غلط بیان دیا۔ انہوں نے اپنے حلقے کی ترجمانی کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے مذکورہ وزیر کے مستعفی ہونے کے لئے احتجاج کیا۔ وہ مسلمان ہو نے کے ناطے احتجاجاً مستعفی ہو ر ہے ہیں۔

 ذرائع کے مطابق اسمبلی سیکرٹریٹ نے استعفے موصول ہونے کے بعد دفتری کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اسپیکر رانا محمد اقبال استعفے بھجوانے والے اراکین کو اپنے چیمبر میں طلب کر کے ان سے باضابطہ استعفوں کی تصدیق کریں گے۔

مزیدخبریں