(سٹی42) صوبائی وزراء صحت سے پیرامیڈیکس کے نمائندوں کی ملاقات،پیرامیڈیکس نے ہسپتالوں کی لیبارٹریز ٹھیکے پر دینے سے متعلق تحفظات سمیت ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے مطالبات سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر ، خواجہ سلمان رفیق سے پیرامیڈیکس کےنمائندہ وفد نے ملاقات کی ۔ وفد میں ملک منیر ،مجیب الرحمٰن صدیقی اور محمود اختر میاں شامل تھے جبکہ سپیشل سیکرٹری پرائمری ہیلتھ فیصل ظہور ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر عاصم الطاف بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ پیرامیڈیکس کے نمائندوں نے صوبائی وزرا صحت کو سرکاری ہسپتالوں کی لیبارٹریز کو ٹھیکے پر دینے سے متعلق تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ہزاروں ملازمین بے کار ہوجائیں گے اور ان کا مستقبل تاریک ہوجائے گا ۔
پیرامیڈیکس کا کہنا تھا کہ کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے اور ہیلتھ پروفیشنل الاونس کی ادائیگی کے مطالبات بھی تاحال پورے نہیں کئے گئے ہیں۔ صوبائی وزرا نے پیرامیڈیکس کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام مسائل جلد حل کئے جائیں گے۔
مزید دیکھئے: