سٹی42: ملائشیا میں ہونے والی اِن ڈور ایشیائی روئینگ چیمپئین شپ میں پانچ گولڈ، پانچ سلور اور دو برونز میڈل جیتنے والی پاکستانی ٹیم آج واپس لاہور پہنچ گئی۔ اس ٹیم کے استقبال کے لئے روئینگ ایسوسی ایشن کے چند عہدیداروں کے سوا کسی کو اطلاع ہی نہیں دی گئی۔
لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ پہنچنے والے ایشیائی روئینگ چیمپئینز کے نام تک کسی کو نہیں بتائے گئے۔
ایک سینئیر سپورٹس رپورٹر فیضان لاکھانی نے اس واقعہ کے متعلق سوشل پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ، "پاکستان نے ایشین انڈور روئنگ چیمپئن شپ میں 5 گولڈ، 5 سلور اور 2 کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔
پاکستان روئنگ فیڈریشن نے اس حوالے سے ایک پریس ریلیز جاری کی ہے۔ پریس ریلیز میں کسی کھلاڑی کے نام کا ذکر نہیں ہے۔ جیتنے والوں کو مبارکباد بھیجنے کے لیے صرف فیڈریشن حکام کے ناموں کا ذکر ہے۔
کھیلوں کے اداروں کو اس طرح بالکل کام نہیں کرنا چاہئے۔ ان کو چاہیے کہ وہ خود کو پروموٹ کرنا چھوڑ دیں۔ انہیں صرف کھلاڑیوں کی کامیابیوں پر بات کرنی چاہیے۔"
ایشین ان ڈور روئنگ چیمپئن شپ 9 اگست سے 11 اگست تک ملائیشیا میں ہوئی۔ اس چیمپئن شپ میں سات لڑکوں اور چار لڑکیوں نے چار کیٹگریز میں شرکت کی۔
زبیر بٹ مینجر اورملک الیاس کوچ کے فرائض سر انجام دینے کے لئے ٹیم کے ساتھ گئے تھے۔