ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں سانحہ نو مئی کے تمام مقدمات یکجا کرنےاور جوڈیشل کمیشن بنانے کے متعلق درخواست پر سماعت ،عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر 20 اگست کو دلائل طلب کرلیے۔
جسٹس سید شہبازعلی رضوی اور جسٹس سلطان تنویر احمد پر مشتمل بنچ شہری بلال احمد کی درخواست پر سماعت کی، درخواستگزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ وہ کسی سیاسی جماعت اور لائرز فورم کا حصہ نہیں، عوام اور قانون کی درستگی کیلئے یہ پٹیشن دائر کی ہے، دو رکنی بنچ نے وفاق، پنجاب حکومت اور پراسیکیوشن کے وکلا کو روسٹرم پر بلا لیا، جسٹس سید شہبازعلی رضوی نے لاء افسران سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ درخواستگزار کسی مقدمے میں ملزم ہے نہ گواہ، کیا یہ درخواست دائر کرسکتے ہیں، اس قانونی نقطے پر آئندہ سماعت پرعدالت کی معاونت کریں،عدالت نے مزید سماعت 20 اگست تک ملتوی کردی۔