سٹی42: پاکستان کے یوم آزادی کے پر لاہور کے لبرٹی چوک پر دنیا کا بلند ترین اور سب سے بڑا قومی پرچم نصب کرنے کی پلاننگ مکمل ہو گئی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پروگرام مکمل ہونے کی تصدیق کر دی۔
اسلامی جمہوریہ پاکستان کے یوم آزادی کے حوالے سے عوام الناس میں جوش وجذبہ عروج پر ہے اور وہ جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ گھروں، گلیوں اور محلوں کو سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے قلب میں واقع لبرٹی چوک پر جشن آزادی کے موقع پر دنیا کا بلند ترین اور سب سے بڑا قومی پرچم نصب کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ اس قومی پرچم کی تنصیب میں حکومت کا ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوگا بلکہ اس پر نجی شعبہ فنڈنگ کرے گا۔
محسن نقوی نے اپنی ایک ٹویٹ پوسٹ میں لبرٹی میں دنیا کا سب سے بڑا پرچم لہرائے جانے کی تقریب کے متعلق لکھا کہ یہ ایک قابل فخر لمحہ ہے جب ہم لبرٹی چوک، لاہور میں اب تک کے طویل ترین پرچموں میں سے ایک، اتحاد اور حب الوطنی کی علامت ایک یادگار پرچم لہرانے کا اعلان کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نےلکھا کہ یہ بتانا ضروری ہے کہ یہ مکمل طور پر سپانسر شدہ منصوبہ ہےجس کا صوبائی خزانے پر کوئی بوجھ نہیں ہوگا۔ اس پرچم کو لہرانے کی تقریب 14 اگست کو منعقد ہو گی۔