ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بلوچستان اسمبلی آج تحلیل ہوجائے گی

بلوچستان اسمبلی آج تحلیل ہوجائے گی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مانیٹرنگ ڈیسک: بلوچستان اسمبلی اپنی 5 سالہ مدت پوری کرنے کے بعد آج تحلیل ہوجائےگی۔

بلوچستان اسمبلی کی 5 سالہ مدت پوری ہونےمیں اب چند گھنٹے رہ گئے ہیں ، صوبے میں نگران وزیر اعلیٰ کے نام فائنل کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان کوئی ملاقات سامنے نہیں آئی،اگر وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے اسمبلی تحلیل نہ کی تو ہفتہ کی شب 12 بجے کے بعد یہ اسمبلی خود بخود ختم ہوجائے گی۔

ذرائع کے مطابق کئی روز سے اسلام اباد میں قیام پذیر وزیر اعلیٰ بلوچستان اپنی جماعت بی اے پی کے رہنماؤں کی رائے لینے کے بعد دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے مشاورت کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت نگران وزیر اعلیٰ کیلئے جمعیت علما ءاسلام ف کی جانب سے سابق رکن قومی اسمبلی عثمان بادینی اور بی این پی کی جانب رکن صوبائی اسمبلی حمل کلمتی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے علی حسن زہری کے نام دیے گئے۔

اس کے علاوہ سابق بیوروکریٹ شبیر مینگل کا نام بھی زیر غور ہے۔نگران وزیر اعلیٰ کا نام فائنل ہونے کے بعد 14 رکنی صوبائی نگران کابینہ تشکیل دیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ایڈوائس پر سندھ اسمبلی توڑ دی۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سندھ اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کردیے جس کے ساتھ ہی صوبائی کابینہ تحلیل ہوگئی۔سندھ اسمبلی چار سال 11 ماہ اور 29 دن قائم رہی۔