ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نےاساتذہ کو خوش کردیا

12 Aug, 2020 | 12:36 PM

M .SAJID .KHAN

(جنید ریاض)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے 39 اساتذہ کو ایس ایس ٹی کے عہدے پر ترقی دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے 39 اساتذہ کو ایس ایس ٹی کے عہدے پر ترقی دے دی۔مذکورہ اساتذہ کو ای ایس ٹی سے ایس ایس ٹی کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔ ترقی پانے والے اساتذہ میں 11 مرد اور 28 خواتین اساتذہ شامل ہیں۔

ترقی پانے والے اساتذہ کو لاہور کے مختلف سکولوں میں تعینات کردیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کا کہنا ہے کہ پی ایس ٹی سے ای ایس ٹی اساتذہ کو 13 اگست کو ہو نےوالی ڈی پی میں فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب حکومت پنجاب نے تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کے حوالے سے ایس او پیز جاری کردی،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرکے مطابق کورونا وائرس متاثرہ شخص کے کھانسنے،چھینکنے یا بولنے کے دوران خارج ہونے والے ننھے ذرات سے پھیل سکتا ہے۔ تعلیمی اداروں میں چیزوں کا مشترکہ استعمال اورسماجی فاصلے کو برقرار نہ رکھنا کورونا وائرس کی وجہ بن سکتا ہے۔

کورونا وائرس کسی بھی عمر کے فرد پر حملہ آور ہوسکتا ہے بچوں اور اساتذہ کے تحفظ کے لئے خاص احتیاط کرنا ہو گی۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے سکول انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ وہ بلا امتیاز ایسے اسٹاف اور بچوں کو الگ کریں جو کورونا وائرس کا شکار رہ چکے ہوں ۔ بچوں کو احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہ کریں بالخصوص کسی بھی چیز کی سطح کو پکڑنے یا چھونے سے پرہیز کریں۔

سکول میں بچوں کو بار بارہاتھ صابن سے اچھی طرح 40سیکنڈ تک دھونے کی تلقین کریں۔ سکول میں بچوں کو آگاہ کیا جا ئے کہ وہ گھر پہنچنے پردیگر اہلِ خانہ سے میل جول کرنے سے قبل نہائیں۔ بغیر ہاتھ دھوئے آنکھوں،ناک اور منہ کو چھونے سے مکمل پرہیز کریں۔ تمام تعلیمی اداروں میں بچوں اور سٹاف کے لیے ہینڈ سینیٹائزر اور ماسک لازمی رکھا جائے۔ کھانسی یا سانس کے مسائل سے دوچار سٹاف اور بچوں کو مکمل طور پر صحت یاب ہو جانے تک گھر رہنے کی تلقین کریں۔

6 فٹ کے سماجی فاصلے کو قائم رکھنے کے لیےسکول کی حدود میں نشانات لگائیں ۔وباء ختم ہو جانے تک تمام سکولوں میں صبح اسمبلی سے مکمل طور پر گریز کیا جا ئے۔کلاس رومز، لائبریری، سٹاف روم ، لیبارٹری اور دیگر کمروں میں سماجی فاصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے طلباء اوراسٹاف کے بیٹھنے کا انتظام کریں۔

داخلی اور خارجی پوائنٹس پرسماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کےلئے اضافی طور پر مانیٹرز کو نگرانی کی ڈیوٹی دیں۔ چھٹی کے وقت ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لئے ایک سے زائد داخلی اور خارجی راستوں کا استعمال کیا جا ئے۔

مزیدخبریں