سٹی 42:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے وزیر اعظم عمران خان پاکستان کرکٹ بورڈ پر کڑی تنقید کی ہے،کہتے ہیں کہ عمران خان کو میں نے وزیر اعظم بنوایا ،کرسی ملنے پر نعوذ بااللہ خدا بن بیٹھے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایک ویڈیو پیغام میں جاوید میاں داد نے کہا ہے کہ میں عمران خان کا کپتان تھا وہ میرے کپتان نہیں تھے،ہم نے ان کو وزیر اعظم بنوایا،وزیر اعظم بننے کے بعد پتا نہیں کیا بن بیٹھے ہیں،آپ لوگوں کو روزگار تو دے نہیں سکتے مگر ان سے چھین رہے ہو،اب میں بتائوں گا سیاست کیسے ہوتی ہے،اب الیکشن لڑیں گے اور سیاست پر بات بھی کریں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی شکست پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ نا تجربہ کاری کی وجہ سے پاکستان جیتا ہوا میچ ہارگیا۔ جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ 277 رنز چوتھی اننگز میں بنانا بہت مشکل ہوتاہے، شروع میں ہی اسپنر لگائے جاتے تومیچ جیت سکتے تھے، اسی گراؤنڈ میں ہم اسپنرزکے ساتھ کئی میچزجیت چکے ہیں۔
کوچنگ اسٹاف پر تنقید کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا ہے کہ ٹیم کے ساتھ ایسے لوگ لگا دیے ہیں جنہیں کاپی پینسل پکڑنے کا شوق ہے، کاپی پینسل پکڑنے کے بجائے کھلاڑیوں کو وہ بتائیں جوآنکھوں سے دیکھیں اور اگر کاپی پینسل ہی پکڑنی ہے توکالج یا اسکول میں جاکر پڑھیں۔
خیال رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے باآسانی شکست دی تھی۔