ویب ڈیسک:نئی دہلی میں تیز ہواؤں کے باعث مٹی کے طوفان نے شہر کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اس دوران ارون جیٹلی سٹیڈیم میں ممبئی انڈینز کی ٹریننگ سیشن جاری تھی، جہاں طوفان نے اچانک حملہ کیا۔ اس موقع پر، روہت شرما نے اپنی ٹیم اور سٹاف کو تیزی سے ڈگ آؤٹ میں واپس آنے پر زور دیا۔
ممبئی انڈینز نے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈیپک چاہر، ہیڈ کوچ مہیلا جے وردھنے اور لسیث ملنگا تیزی سے ڈگ آؤٹ کی طرف دوڑ رہے ہیں جبکہ روہت شرما انہیں آواز دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں روہت شرما ہنستے ہوئے کہتے ہیں، ”واپس آؤ، واپس آؤ!“
اس کے علاوہ، کیمرہ مین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے روہت شرما نے مزاحیہ انداز میں کہا، ”ابے مجھے کیا دیکھ رہا ہے، وہ ویڈیو لے اور مٹی کے طوفان کی طرف اشارہ کیا جو سٹیڈیم میں تباہی مچا رہا تھا۔
ممبئی انڈینز کی ٹیم اپنے اگلے میچ میں دہلی کیپٹلز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے، جہاں وہ اپنی شکستوں کےسلسلے کو توڑنے کی کوشش کریں گے۔