ویب ڈیسک: ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ (ایچ سی اے آر) پاکستان میں ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل (ایچ ای وی) ماڈلز متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے تاہم کمپنی نے لانچ کی کوئی مخصوص ٹائم لائن جاری نہیں کی۔
ہونڈا اٹلس نے گزشتہ روز کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس میں ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانے سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’’ہمیں آپ کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ مستقبل قریب میں ایچ ای وی ماڈلز متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔
نوٹس کے مطابق یہ اقدام جدت طرازی، ماحولیاتی استحکام اور اپنے قابل قدر صارفین کو جدید ٹرانسپورٹیشن کے حل پیش کرنے کیلئے ہمارے مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایچ ای وی ماڈلز کا تعارف ہمارے پروڈکٹ پورٹ فولیو میں ایک اہم قدم ثابت ہوگا اور پاکستان میں ماحول دوست گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی طلب کو تقویت دے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ باضابطہ لانچ ٹائم لائن اور دیگر امور کے بارے میں تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔
اعلان کے بعد ہونڈا اٹلس کمپنی کے حصص کی قیمت 24.24 روپے یا 8.31 فیصد اضافے کے ساتھ 316.02 روپے ہوگئی۔