یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

12 Apr, 2023 | 09:04 PM

Bilal Arshad

ویب ڈیسک: ملک بھر میں یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ مجالس عزاء برپا ہوئیں، ماتمی جلوس برآمد ہوئے، مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کا مرکزی جلوس مبارک حویلی اندرون موچی دروازہ سے برآمد ہوا، عزاداروں نے چوک رنگ محل میں نمازظہرین ادا کی۔ جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ راولپنڈی میں مرکزی جلوس سید نیئر حسین زیدی کی رہائشگاہ سے برآمد ہوا۔ جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کرنل مقبول حسین پر اختتام پذیر ہوا، جلوس میں شبیہ تابوت اور علم شامل تھے۔

 کراچی میں بھی یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو مقرہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔

 ملتان میں پہلا جلوس نماز فجر کے بعد کاشانہ حیدر چاہ بوہڑ والا سے برآمد ہوکر لال کرتی کینٹ پر اختتام پذیر ہوا، دوسرا بڑا جلوس محلہ ناصر آباد سے برآمد ہوا جو امام بارگاہ آستانہ لال شاہ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

 ڈیرہ غازی خان میں مرکزی جلوس امام بارگاہ عباسیہ محلہ غازی شیریں سے برآمد ہوا، جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حیدریہ پر اختتام پذیر ہوا۔ رحیم یارخان میں یوم شہادت علی کی مناسبت سے مجالس ہوئیں اور جلوس برآمد ہوئے، ڈی ایس پی سٹی سرکل محمد آصف رشید نے بتایا کہ مجالس اور جلوسوں کی سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

 بہاولپور میں شیر خدا حضرت علی علیہ السلام کے یوم شہادت کا قدیمی جلوس دامن شاہ بازار سے برآمد ہوا، جو صرافہ بازار، مچھلی بازار، شاہی بازار، زنانہ اسپتال سے ہوتا ہوا جامعہ مسجد شیعہ پر اختتام پذیر ہوا۔

 احمد پور شرقیہ کے دربار عالیہ حضرت نور شاہ بخاری میں مجلس برپا ہوئی، اختتام مجلس پر شبیہ تابوت برآمد ہوئی،عزادار گریہ و ماتم کرتے رہے، جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس دربار عالیہ حضرت نور شاہ بخاری پر اختتام پذیر ہوا۔

 سندھ بھر میں یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام مذہبی عقیدت اور احترام سے منایا گیا، لاڑکانہ، سکھر، مٹیاری سمیت دیگر شہروں میں مجالس برپا ہوئیں، شبیہ ذوالجناح اور تعزیہ کے جلوس برآمد ہوئے، جن میں عزاداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مزیدخبریں