جنوبی وزیرستان:فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد ہلاک، میجر   اور سپاہی شہید

12 Apr, 2022 | 10:46 PM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک)‏جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک فوج کے میجر  اور سپاہی نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔وزیراعظم کی جانب سے دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز  نے مؤثر طریقے سے دہشتگردوں کے مقام کا پتہ لگا کر دو دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔ ہلاک ہونیوالے  دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید میجر شجاعت حسین کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شہید سپاہی عمران خان کا تعلق نصیر آباد سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی دیگر دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کیلئے علاقے کی کلیئرنس کر لی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر افسروں اور جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے ‏جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں سے لڑتے اور مادر وطن کے دفاع میں شہید ہونے والے قوم کے بیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ میجر شجاعت حسین اور سپاہی عمران خان کو ان کی عظیم قربانی پر قوم سلام پیش کرتی ہے۔

ہمارے شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے پختہ عزم کا بین ثبوت ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ آمین۔

مزیدخبریں