(جنید ریاض)موسم تبدیل ہوتے ہی سکولوں میں ڈینگی مچھر پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، محکمہ سکول ایجوکیشن نے سکولوں میں تعینات فوکل پرسنز کو ڈینگی مچھر کے تدارک سے متعلق رپورٹ روزانہ بھجوانے کا حکم دیدیا۔
ذرائع کے مطابق سرکاری اور نجی سکولوں میں ڈینگی مچھر کے بچوں کی صحت پر اثر انداز ہونے کا خدشہ ہے، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نوٹس لیتے ہوئے سکول میں تعینات فوکل پرسن کو مراسلہ جاری کردیا ۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ڈینگی مچھر کے تدارک کیلئے روزانہ سرگرمیاں کروائی جائیں اوران سرگرمیوں کی تصاویر اور رپورٹ بناکر محکمہ کو لازمی بھجوائی جائیں، احکامات پر لازمی عملدرآمد کیا جائے بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہےکہ ڈینگی بخار ایک خاص قسم کے مچھر کے کاٹنے سے ہوتا ہے، ڈینگی بخار کی نمایاں علامات میں تیز بخار، سر درد، متلی، جوڑوں اور پٹھوں میں شدید درد اور ڈائریا شامل ہیں، ڈینگی مچھر کے کاٹنے کا صبح سویرے اور غروب آفتاب کے وقت خطرہ زیادہ ہوتا ہے، ان اوقات میں لمبی آستین والی قمیض پہنی جائے، بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلا جائے، کسی بھی جگہ گھر میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پودوں اور بیلوں کی کیاریوں میں مچھر مار سپرے کرائی جائے، جسم کے کھلے حصے، منہ اور بازوؤں پر مچھر بھگانے والا لوشن لگایا جائے، گھروں اور دفاتر میں مچھر مار سپرے، کوائل اور میٹ کا استعمال کیا جائے، کھڑکیاں اوردروازے بند رکھے جائیں۔