ویب ڈیسک : بے روزگار نوجوانوں کے لئے ٹک ٹاک کا اہم اعلان ۔مختصر ویڈیوز کی ایپ ٹک ٹاک نے نوجوانوں کی ڈیجیٹل اور کریٹیو انڈسٹریز میں ملازمتوں کے لئے پروگرام کا آغاز کردیا۔ وظیفہ بھی ملے گا۔
یہ پروگرام نوجوانوں کی بے روزگاری اور ڈیجیٹل مہارتوں کے درمیان فرق سے نمٹنے کے لیے تیار کی گئی سکیم کا حصہ ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے سوشل بزنس چیرٹی کیچ 22 کے ساتھ مل کر ملٹی ملین پاؤنڈ پروگرام پر کام کا آغاز کردیا ہے جو 2024 کے آخر تک 2500 افراد کو ملازمت فراہم کرے گا۔
نئی سکیم 16 سے 24 سال کی عمر کے ان نوجوانوں کے لیے ہے جو اس وقت تعلیم، ملازمت یا کوئی تربیت حاصل نہیں کر رہے اور بے روزگار ہیں ۔اس سکیم کے تحت ان افراد کو چار ہفتوں تک ملازمت کے کورس تک رسائی دی جائے گی، اس کے ساتھ ساتھ کیریئر کوچ، ورچوئل ورک کا تجربہ، رہنمائی اور کچھ خرچہ بھی فراہم کیا جائے گا۔
ٹک ٹاک کے مطابق اس پروگرام کا مقصد پیچھے رہ گئے اور کمزور لوگوں کو تخلیقی ڈیجیٹل مہارتیں سیکھنے پر آمادہ کرنا ہے تاکہ وہ انہیں اپنے مقامی کاروبار اور تخلیقی صنعتوں کی مدد کرنے کے لیے استعمال کریں۔
ٹک ٹاک برطانیہ کے جنرل منیجر رچ واٹر ورتھ کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک میں ہمارا مشن تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور خوشی لانا ہے۔ تخلیقی کام ایسے ہی نہیں ہو جاتا۔ اسے حوصلہ افزائی، پرورش اور موقع کی ضرورت ہوتی ہے۔لیکن ہزاروں نوجوان لوگوں کے پاس تخلیقی بننے کا موقع یا مہارت نہیں ہے ہم اسے تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ کیچ 22 کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے بہت خوش ہیں تاکہ سب کے لیے تخلیقی صلاحیتوں کو صحیح معنوں میں ممکن بنایا جاسکے۔کیچ 22 میں شراکت داری کے ڈائریکٹر کیٹ ڈکسن نے کہا کہ ٹک ٹاک ایک درخشاں اور وژنری برانڈ ہے جس کو نوجوان سمجھتے ہیں۔ جب نوجوان ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر جاتے ہیں تو وہ اپنی تخلیقی اور ڈیجیٹل مہارتوں کا استعمال کرتے ہیں۔