ویب ڈیسک : امریکی صدر جو بائیڈن پاکستان کے نئے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کو فون کریں گے یا نہیں؟ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کا بیان آگیا .
رپورٹ کے مطابق شہباز شریف کے پاکستان کے نئے وزیر اعظم منتخب ہونے پر امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان میں ہونے والی پیش رفت کو قریب سے دیکھ رہے ہیں تاہم امریکا کی پاکستان کے اندرونی عمل پر کوئی پوزیشن نہیں ہے اور نہ ہی امریکا اس پر کوئی تبصرہ کرنا پسند کرتا ہے۔
دوسری طرف وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی کے مطابق امریکہ کے پاکستان کے ساتھ دیرپا، مضبوط اور اہم سیکیورٹی تعلقات ہیں اور یہ نئے رہنماؤں کے ساتھ بھی جاری رہیں گے۔
وائٹ ہاؤس میں ایک پریس بریفنگ کے دوران وائٹ ہاؤس کی ترجمان سے سوال کیا گیا کہ کیا جو بائیڈن پاکستان کے نئے وزیراعظم کو فون کریں گے؟جس پر ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ ’میں اس بارے میں اس وقت کوئی پیش گوئی نہیں کر سکتی۔‘
جین ساکی نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس نے ہمیشہ ایک خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے اور یہ مؤقف برقرار ہے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو نیا قائد ایوان منتخب کیا جہاں انہیں 174 ووٹ ملے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ان سے وزارت عظمیٰ کا حلف لیا۔