(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے نئے وزیراعظم شہباز شریف نے حلف اُٹھاتے ہی اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بائیو تبدیل کردی ۔
نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بائیو میں تبدیلی کرکے اب ’پرائم آف منسٹر آف اسلامک ری پبلک آف پاکستان‘ لکھ دیا ہے۔ 2010 میں بنائے جانے والے شہباز شریف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کا جائزہ لیا جائے تو وہ مقبولیت میں سابق وزیراعظم عمران خان سے کافی پیچھے نظر آئیں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس وقت 5 اعشاریہ 7 ملین فولوورز ہیں جبکہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے ٹوئٹر پر فولوورز 15 ملین سے زائد ہیں۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو نیا قائد ایوان منتخب کیا جہاں انہیں 174 ووٹ ملے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ان سے وزارت عظمیٰ کا حلف لیا۔
نئے قائد ایوان کے لیے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے شہباز شریف اور تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی وزیراعظم کے امیدوار تھے تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد شہباز شریف واحد امیدوار رہ گئے تھے۔