ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف نے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے لیٹر گیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کرانے کی پیشکش کو مسترد کردیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر کہا کہ ’شہباز شریف کی لیٹر گیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کرانے کی پیشکش کو مسترد کرتے ہیں، یہ خود کو این آر او دینے کی بھونڈی کوشش ہے‘۔
شہباز شریف کی لیٹر گیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کرانے کی پیشکش کو مسترد کرتے ہیں، یہ خود کو NRO دینے کی بھونڈی کوشش ہے، لیٹر گیٹ کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کو آزاد کمیشن بنانا چاہئے جس کی سربراہی ایسے شخص کے پاس ہو جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 11, 2022
انہوں نے مزید کہا کہ لیٹر گیٹ کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کو آزاد کمیشن بنانا چاہیے جس کی سربراہی ایسے شخص کے پاس ہو جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔
خیال رہے کہ شہباز شریف نے کہا تھا کہ کئی دنوں سے ڈرامہ چل رہا ہے کہ حکومت گرانے کے لیے غیر ملکی خط آیا، نہ میں نے خط دیکھا نہ کسی نے دکھایا، جاننا چاہتے ہیں کہ یہ حقیقت ہے یا جھوٹ، یہ سب پارلیمان کے سامنے آنا چاہیے جس کے لیے پارلیمنٹ کی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے جس میں ان کیمرا بریفنگ دی جائے، تمام مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی موجود ہوں اور انہیں بریفنگ دی جائے تاکہ پوری قوم کو خط کی حقیقت پتا چلے۔