عابد چوہدری: اولاد نہ ہونے پر ہمسایوں کا بچہ اغوا کرنے والے میاں بیوی کو شفیق آباد پولیس نے گرفتار کر لیا،بازیاب ہونے والے بچے کو والدین کے حوالے کر دیا گیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن زوہیب رانجھا کے مطابق ملزموں دلدار اور اس کی بیوی شفیق آباد کے علاقے امین پورہ میں میں رہائش پزیر تھے، جن کا اعجاز کے گھر آنا جانا تھا،ملزموں نے چار ماہ کے اعجاز کو اس کی والدہ کی غیر موجودگی میں گھر سے اغوا کیا اور ساہیوال فرار ہو گئے۔ شفیق آباد پولیس نے میاں بیوی کو گرفتار کر کے بچہ بازیاب کر لیا۔
زوہیب رانجھا کے مطابق ملزمان کو ٹریس کر کے ساہیوال سے گرفتار کیا گیا جنہوں نے اولاد نہ ہونے پر بچے کے اغوا کا اعتراف کر لیا ہے۔گرفتار ملزمان فیک نام پتہ کے ساتھ شفیق آباد میں رہائش پزیر تھے۔ پولیس نے بچے کو والدین کے حوالے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب ڈیفنس بی کے علاقے سے اغوا ہونیوالی گھریلو ملازمہ کا تاحال سراغ نہ مل سکا۔ ڈیفنس بی پولیس اسٹیشن میں درج ہونے والے مقدمے کے مطابق سولہ سالہ نمرہ گزشتہ ماہ گھر سے مارکیٹ جاتے ہوئے لاپتہ ہو گئی تھی جس کا مقدمہ والد طاہر کی مدعیت میں نامعلوم اغوا کاروں کے خلاف درج کیا گیا۔ تاہم تاحال لڑکی بازیاب نہیں ہو سکی۔
نمرہ کے اہلخانہ نے الزام لگایا کہ پولیس بچی بازیاب کروانے کیلئے سنجیدگی کامظاہرہ نہیں کر رہی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملزمان کو گرفتارکر کے بچی بازیاب کروانے کی اپیل کی ہے۔