( جمال الدین ) مخدوم آباد اسماعیل نگر چونگی امرسدھو کے رہائشیوں کا واسا کیخلاف احتجاج، کہتے ہیں پینے کے پانی میں سیوریج کا گندہ پانی شامل ہوچکا، واسا حکام نے آنکھیں موند لیں۔
تفصیلات کے مطابق مخدوم آباد اسماعیل نگر چونگی امرسدھو کے رہائشیوں نے گندے پانی کی بوتلیں اٹھاکر احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا علاقے میں پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں ہے۔ واسا کا پانی اتنا گندہ ہے کہ اس سے غسل کرنا اور وضو کرنا بھی مشکل ہے، پانی سے بدبو آتی ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ زیر زمین پائپ ٹوٹنے سے صاف پانی میں سیوریج کا گندہ پانی شامل ہو چکا، سیوریج کا گندہ پانی صاف پانی میں شامل ہو کر گھروں میں پہنچ رہا ہے۔ سیوریج کا پانی استعمال کرنے سے بچوں اور خواتین سمیت تمام اہل علاقہ بیمار ہو رہے ہیں۔
مظاہرین نے واسا حکام کیخلاف نعرے بازی کی، انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ ان کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے۔
اہل علاقہ کا کہنا تھا لاہور کے اس علاقے میں گندے پانی کی وجہ سے زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔