گلی میں کھڑا ہونے سے منع کرنے پر نوجوانوں میں ہاتھا پائی

12 Apr, 2020 | 07:08 PM

Arslan Sheikh

( فہد علی ) ساندہ میں گلی میں کھڑا ہونے سے منع کرنے پر لڑائی، تشدد کے باعث نوجوان شدید زخمی، اہل خانہ کہتے ہیں کہ انکا بیٹا زندگی و موت کی کشمکش میں ہے، مگر پولیس نے تاحال کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا۔

گلی میں کھڑے ہونے سے منع کرنے پر چند روز قبل ساندہ کےعلاقے میں لڑائی ہوئی، جس میں چند اوباش نوجوانوں نے شہزاد نامی نوجوان اور اسکے اہلخانہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

شہزاد کے اہلخانہ کہتے ہیں کہ اوباش نوجوان گلی میں کھڑے ہوکر خواتین کو چھیڑتے تھے، جس کی متعدد بار تھانے میں شکائیت بھی کی گئی مگر پولیس نے کوئی ایکشن نہ لیا۔

اوباشوں کو گلی میں کھڑے ہونے سے منع کیا تو انہوں نے شہزاد سمیت اہلخانہ پر تشدد کرنا شروع کردیا۔ شہزاد کو تشویشناک حالت میں میو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ زندگی و موت کی کشمکش میں ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ زخمی شہزاد کو حالت خراب ہونے پر آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ تھانہ ساندہ میں تشدد کرنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ تو درج کیا گیا ہے مگر ابھی تک کوئی بھی ملزم گرفتار نہیں ہوسکا۔

اہلخانہ کا مطالبہ ہے کہ ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

مزیدخبریں