مستقبل میں کون کھیلے گا؟

12 Apr, 2020 | 04:45 PM

Azhar Thiraj

حافظ شہباز علی :پاکستان کرکٹ بورڈنے صوبائی کوچز کو سالانہ رپورٹ تیارکرنے کی ہدایت کردی ،رپورٹ کی بنیاد پرہی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا ۔


کورونا وائرس لاک ڈائون کے باعث کرکٹ سرگر میاں معطل ہونے کے بعد پی سی بی کی طرف سےصوبائی کوچز کو اپنی سیزن رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے،رپورٹ میں کھلاڑیوں کی پورے سیزن کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا جائے گا۔


ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کی سیزن کے آغاز سے اختتام تک فٹنس کے گراف کو رپورٹ کا حصہ بنایاجائے گا،کھلاڑیوں کے ڈسپلن اور گیم پلان اور کوچنگ پلان کو بھی رپورٹ میں شامل کیا جائے گا،رپورٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس میں اتار چڑھائو کا جائزہ لیا جائے گا ،صوبائی کوچز لاک ڈاون میں کھلاڑیوں کو دئیے گئے پلان پر عملدرآمد کو بھی رپورٹ میں شامل کریں گے۔


بیس اپریل کو ہونیوالے ویڈیو لنک فٹنس ٹیسٹ کی رپورٹس بھی سالانہ رپورٹ میں شامل کی جائیں گی،کوچز کی رپورٹ کی روشنی میں آئندہ سیزن کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

یاد رہے کہ  کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے تاہم اس کے باوجود مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ لاک ڈائون کی وجہ سے تمام کاروبار بند ہیں،گاڑیوں کا پہیہ جام ہے اور پروازیں بھی لاک ہیں۔سکولوں،کالجوں،یونیورسٹیوں میں چھٹیاں ہیں،دفاتر میں کام ٹھپ پڑا ہے۔کھیلوں کے میدان سنسان ہیں تو تفریح کے مقامات پر ویرانی چھائی ہوئی ہے۔

واضح رہے پاکستان میں  کورونا وائرس سے مجموعی طور پر اب تک 86 افراد جاں بحق اور 5 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔گزشتہ روز  کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستان کے لیے انتہائی ہولناک دن رہا، ایک ہی دن میں 15 اموات اور 244 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک بھر میں اب تک ہونے والی 86 ہلاکتوں میں سے سندھ میں 28 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں 31 اور پنجاب میں 21 اموات ہوچکی ہیں۔

مزیدخبریں