"کورونا وائرس سے نجات کیلئے معجزے کی ضرورت ہے"

12 Apr, 2020 | 02:29 PM

Sughra Afzal

(سعید احمد) وفاقی وزیر ریلوے کا ایسٹر کی مناسبت سے مسیحی برادری کیلئےپیغام، شیخ رشید  نے مسیحی برادری سے ایسٹر کے موقع پر کورونا کی وبا کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کرنے کے اپیل کردی ۔

لاہور سمیت ملک بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منارہی ہے، اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان،  وزیراعلیٰ پنجاب  سردار عثمان بزدار، وزراء  سمیت دیگر سیاسی شخصیات  نے مسیحی برادری کو مبارکباد کے پیغامات دیئے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں مسیحی برادری کو ایسٹر کی خوشیوں کی مبارک باد دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام گھروں تک محدود رہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنا خصوصی بیان جاری کیا ہے جس میں انھوں نے مسیحی برادری سے اپیل کی ہے کہ ایسٹر کی خوشیاں منائیں لیکن کورونا کی وجہ سے گھروں پہ رہیں۔

سردار عثمان بزدار کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے تعمیر پاکستان تک کی منازل کو طے کرتے ہوئے مسیحی برادری کا کردار قابل ستائش رہا ہے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری نے گرانقدرخدمات سرانجام دی ہیں۔ پاکستان بلا رنگ و نسل، مذہب، ذات اور عقیدے کے ہم سب کا گھر ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا  کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا پیغامِ محبت آفاقی ہے،دنیا کو اس پیغام کی آج پہلے سے زیادہ ضرورت ہے، دنیا کو کورونا وائرس جیسی وباؤں سے نجات کیلئے آج بھی کسی معجزے کی ضرورت ہے،  اس حوالے سے دعا ہے کہ اللہ ہماری مدد فرمائے۔

شیخ رشید احمد کا مزید کہنا تھا  کہ مسیحی برادری ایسٹر کے موقع پر کورونا کی وبا کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کرے اور اپنے گھروں میں قیام کرے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کےصدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف  نے مسیحی برادری کوایسٹرکےتہوار کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے ماضی کی طرح مسیحی برادری ایسٹر نہیں مناسکی،امید ہے آئندہ برس وہ اپنی خوشیاں بھرپور طور پر مناسکیں گے، مسیحی برادری آج کے دن کورونا سے نجات کے لیےخصوصی دعا کریں۔

مزیدخبریں