سٹی 42 : پتنگ نےایک اور نوجوان کی زندگی کی ڈور کاٹ دی۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں پتنگ بازی کے باعث ایک نوجوان جاں بحق جب کہ تین افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں بجلی کے تاروں پر گرنے والی پتنگ کی دھاتی ڈور کے ساتھ لگنے سے ایک نوجوان نصیب اللہ جاں بحق جب کہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ نشتر کالونی میں موٹر سائیکل سوار عثمان گلے پر ڈور پھرنے سے زخمی ہوگیا جسے جنرل اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے گجرپورہ، شالیمار، مغلپورہ، لٹن روڈ اور مزنگ سمیت دیگر علاقوں سے 22 پتنگ بازوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لیے ہیں۔
خیال رہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران نوجوانوں میں پتنگ بازی کا شوق بے لگام ہو گیا ہے، شہریوں نے گھر پر وقت گزاری کے لیے پتنگ بازی کو سہارا بنا لیا ہے۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے تاہم اس کے باوجود مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔لاک ڈائون کی وجہ سے تمام کاروبار بند ہیں،گاڑیوں کا پہیہ جام ہے اور پروازیں بھی لاک ہیں۔سکولوں،کالجوں،یونیورسٹیوں میں چھٹیاں ہیں،دفاتر میں کام ٹھپ پڑا ہے۔کھیلوں کے میدان سنسان ہیں تو تفریح کے مقامات پر ویرانی چھائی ہوئی ہے۔
واضح رہے پاکستان میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر اب تک 86 افراد جاں بحق اور 5 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔گزشتہ روز کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستان کے لیے انتہائی ہولناک دن رہا، ایک ہی دن میں 15 اموات اور 244 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک بھر میں اب تک ہونے والی 86 ہلاکتوں میں سے سندھ میں 28 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں 31 اور پنجاب میں 21 اموات ہوچکی ہیں۔