کوروناوائرس، ایسٹر پرمسیحی برادری کو محفوظ انداز میں خوشیاں منانے کی اپیل

12 Apr, 2020 | 10:44 AM

Shazia Bashir

سٹی 42: سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے مسیحی برادری سے اپیل کی ہے کہ کوروناوائرس کی وجہ سے ایسٹر پر مسیحی برادری کو محفوظ انداز میں خوشیاں منائیں۔

ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کے نام جاری کردہ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ایسٹر پر بچوں اورضعیف العمر بزرگوں کا مکمل خیال رکھاجائے۔ پاکستان میں اقلیتوں کوآزادی، خودمختاری حاصل ہے۔

سی سی پی او ذوالفقار حمید نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ گرجا گھروں کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے۔ لاہور پولیس کی بہتر کارکردگی میں مسیحی برادری کا بھرپور کردار ہے۔

دوسری جانب کرونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے پنجاب بھر کے گرجا گھروں میں آج ایسٹر کی تقریبات ملتوی کردی گئی ہیں۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی کی ہدایت پر تمام مسیحی برادری آج اپنے گھروں سے آن لائن عبادات میں شرکت کرے گی۔

علاوہ ازیں ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید  کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں کہا گیا تھا کہ ایسٹر کے موقع پر مسیحی بھائیوں،آبادیوں اور گرجا گھروں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسیحی آبادیوں،گرجا گھروں کے اطراف میں پولیس، ڈولفن سکواڈ،پیرو اور ایلیٹ فورس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے پیش نظر مسیحی برادری ویڈیو لنک کے ذریعے آن لائن تقریبات میں شرکت کر رہی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے بیان میں کہا گیا کہ مسیحی برادری دعائیہ و دیگر تقریبات میں پنجاب حکومت کی مقرر کردہ احتیاطی تدابیر اپنائے۔ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے ایسٹر کی خوشیاں گھروں پر محدود رہ کر منائیں،غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ کورونا وباء کی مشکل گھڑی میں ایسٹر پر مسیحی برادری کا تعاون قابل ستائش ہے۔

مزیدخبریں