"سرمایہ کار نئے پاکستان میں کھل کر سرمایہ کاری کریں، تحفظ دیں گے"

12 Apr, 2019 | 10:25 AM

Sughra Afzal

(قذافی بٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سرمایہ کار نئے پاکستان میں کھل کر سرمایہ کاری کریں، حکومت ہر طرح کا تحفظ دے گی۔

 وزیراعلیٰ آفس میں یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر امجد خان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، وفد نے زراعت، لائیو سٹاک، ڈیری ڈویلپمنٹ، سیاحت، صنعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان ترقی کی طرف جا رہا ہے اور ہم اس ترقی کے سفر میں معاونت کرنا چاہتے ہیں۔

وفد نے بتایا کہ پنجاب میں ابتدائی طور پر 200 ملین پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کی پلاننگ کی ہے اور اس ضمن میں معاہدے بھی طے پارہے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام لندن میں روڈ شو کا بھی اہتمام کریں گے، سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی اور متعلقہ فائل روایتی نظام کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے، میں سرمایہ کاروں کا کام کسی جگہ رکنے نہیں دوں گا، جہاں کوئی مسئلہ آئے گا اسے ترجیحی بنیادوں پر نمٹاﺅں گا۔

وفد میں یوکے، پاکستان چیمبر کے جنرل سیکرٹری وحید الرحمن، سینئر نائب صدر سید اسد حسین، نائب صدر عاصم یوسف، جوائنٹ سیکرٹری سردار شفقت خان، کمپنی سیکرٹری طاہرہ بٹ اور دیگر شامل تھے، وفد نے وزیراعلیٰ کے والد کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت بھی کی۔

مزیدخبریں