خاتون پولیو ورکر کا ریپ؛ وزیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری حرکت میں آ گئے

11 Sep, 2024 | 08:25 PM

سٹی42:  پولیو ورکر خاتون کو بچوں کو قطرے پلانے کے بہانے ویرانے میں لے جا کر ریپ کرنے کے واقعہ  کا وزیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری نے نوٹس لے کر خاتون ورکر کو تحفظ فراہم کرنے اور واقعہ میں ملوث ملزموں کو فوراً گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی لیکن ریپ میں ملوث ملزم اب تک آزاد ہیں۔ 

سندھ کے ضلع جیکب آباد کے تھانہ مولا داد  کی حدود میں خاتون پولیو ورکر کو  اسلحہ دکھا کر ریپ کرنے کے واقعہ پر ڈپٹی کمشنر ظہور مری نے کہا ہے کہ ہم میڈیکولیگل رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں تب تک اسے ریپ کی کوشش تصور کریں گے۔ تاہم ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پولیس ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہے۔

اب تک سامنے آنے والی معلومات کے مطابق  جیکب آباد کے نواحی گاؤں اللہ بخش جکھرانی میں پولیو کے قطرے پلانے کے لئے جانےوالی خاتون پولیو ورکرسے  زیادتی کی گئی ہے ۔ ریپ ہونے والی خاتون کو طبی امداد کیلئے جمس ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

اس مکروہ جرم  کی اطلاع ملنے کے بعد  ڈپٹی کمشنر ظہور مری اور ایس ایس پی سُمیر نور چنہ بھی ہسپتال پہنچے۔ ڈی سی ظہور مری نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا  کہ پولیو ورکرکے ساتھ زیادتی کی کوشش کی گئی ہے، میڈیکل رپورٹ کے بعد تصدیق ہوگی۔

ڈی سی ظہور مری نے بتایا کہ خاتون پولیو ورکر کو بچوں کو قطرے پلانے کےلیے خالی مقام پر لےجاکر ان سے موبائل فون چھین لیا گیا اور اسلحے کے زور پر زیادتی کی کوشش کی گئی ۔ ایس ایس پی سمیرنور چنہ کا کہنا تھاکہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارےجا رہے ہیں جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی ۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے متاثرہ ورکر کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کر دی

سندھ  کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے جیکب آباد میں خاتون پولیو ورکر سے مبینہ زیادتی کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر اور ڈی آئی جی لاڑکانہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے لیڈی پولیو ورکر کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

مراد علی شاہ نے گرفتار ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پولیو ورکر کی بھرپور مدد کی جائے۔

پولیو ورکرز کو ہر صورت میں تحفظ دیا جائے

دوسری جانب چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے بھی خاتون پولیو ورکر سے زیادتی کی خبروں  پر کمشنر لاڑکانہ اور ڈی آئی جی لاڑکانہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو ورکرز کو ہر صورت میں تحفظ فراہم کیا جائے اور واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔

چیف سیکریٹری نے کہا کہ پولیو ورکرز کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ متعلقہ ادارے فوری طور پر اقدامات کریں اور خاتون پولیو ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

مزیدخبریں