اویس کیانی: سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کے اندر سے پی ٹی آئی ارکان کی گرفتاریوں پر ایکشن لیتے ہوئے سارجنٹ ایٹ آرمز سمیت 5 سکیورٹی اہلکاروں کو معطل کر دیا۔
سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے غیر ذمہ داری اور سکیورٹی میں ناکامی پر سارجنٹ ایٹ آرمز اشفاق اشرف کو 4 ماہ کیلئے معطل کیا جبکہ دیگر 4 سکیورٹی اہلکاروں کو بھی چار ماہ کے لئے معطل کیا گیا ہے۔
معطل ہونے والوں میں سکیورٹی اسسٹنٹ وقاص احمد اور 3 جونیئر اسسٹنٹ سکیورٹی عبیداللہ، وحید صفدر اور محمد ہارون شامل ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے کر واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا، ایڈیشنل سیکرٹری کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا نوٹس لیتے ہوئے تمام گرفتار ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے۔
سردار ایاز صادق نے کہا تھا کہ پارلیمنٹ ہاؤس سے ہونے والی گرفتاریوں پر ایکشن ہوگا اور اس پر ہر صورت سٹینڈ لینا پڑے گا، ناصرف سارے گیٹس (دروازوں) کی بلکہ ہر جگہ کی ویڈیوز مانگی ہیں تاکہ جس پر ذمہ داری ڈالنا ہے ہم ڈالیں۔
واضح رہے کہ 9 ستمبر کو اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اور شعیب شاہین کو گرفتار کر لیا تھا جبکہ 9 اور 10 ستمبر کی رات گئے اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر سے پی ٹی آئی رہنماؤں رکن قومی اسمبلی زین قریشی، شیخ وقاص اکرم، ایم این اے نسیم الرحمان اور شاہ احمد خٹک کو گرفتار کیا تھا۔