راؤ دلشاد: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہنا ہے کہ محمد علی جناح کے افکار کی روشنی میں پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے محنت، ایمانداری، اور دیانتداری کو شعار بنانا ہوگا۔
مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائدِ اعظم کے فرمودات ہر سچے پاکستانی کے لئے مشعل راہ ہیں، انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے علیحدہ وطن کے خواب کی تکمیل کے لیے اپنی زندگی وقف کردی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم سے محبت اور عقیدت کا تقاضا ہے کہ ہم ان کے افکار کی پیروی کریں اور انشاءاللہ پاکستان کو قائدِ اعظم کے خوابوں کی تعبیر بنائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا دعا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن کو ہمیشہ سلامت رکھے اور ہمیں تعمیر و ترقی کیلئے متحد رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم تاریخ میں ایک ممتاز رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں، قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے تحریک آزادی کی ولولہ انگیز قیادت کی جس کی بدولت دنیا کی پہلی اسلامی نظریاتی ریاست کا قیام عمل میں آیا۔
انہوں نے کہا جمہوریت، سماجی انصاف اور مساوات کے اصولوں کے لئے ان کے غیر متزلزل عزم نے ایک قوم کی بنیاد رکھی جہاں ہر شہری متنوع ثقافتوں کے باوجود ترقی کی منازل طے کرسکتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم ان کی میراث کا احترام کرتے ہیں اورایک عظیم قوم کیلئے پرعزم جذبے کے ساتھ دور حاضر کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے قائد کے پاکستان کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔