راو دلشاد: وزیر اعلیٰ مریم نواز کا عید میلادالنبیؐ پر فول پروف سکیورٹی کا حکم، آن ڈیوٹی اہلکاروں کے سوشل میڈیا ،کیمرے کے استعمال پر سخت پابندی عائد،مریم نواز نے کہا عوام کے تحفظ کے لئے جو کچھ بھی کرنا پڑا ضرور کیا جائے گا۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعلی مریم نوازکی زیر صدارت امن وامان سےمتعلق امور کا جائزہ اجلاس ہوا، مریم نواز نےعید میلادالنبیؐ پر فول پروف سکیورٹی کا حکم دیا، پولیس افسران کو علماء کرام کے پاس خود جاکر ملنے کی ہدایت کی، صوبائی سرحدی چوکیوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز پروزیر اعلیٰ نے منظوری دیدی جبکہ پولیس اہلکاروں کواے پی سی، بلٹ پروف گاڑیاں ،جیکٹیں فوری دینے کا حکم بھی دیا،سرحدی پوسٹوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹریننگ کرانے،بارڈر ملٹری پولیس کی تشکیل نو اور جدیدٹریننگ کی ہدایت کی اور بارڈر سیکورٹی چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط اور بہتربنانے کا حکم دیا۔
ڈیوٹی پر موجود پولیس فورس کو باڈی کیم لگانے کا اصولی فیصلہ بھی ہوا،ناجائز اسلحہ کے خاتمے کے لئے مہم مزید تیز کرنے کا حکم دیا، آن ڈیوٹی اہلکاروں کے سوشل میڈیا ،کیمرے کے استعمال پر سخت پابندی عائد کی گئی۔
مریم نوازنے کہا کہ پنجاب کے عوام کے جان ومال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے،عوام کے تحفظ کے لئے جو کچھ بھی کرنا پڑا ضرور کیا جائے گا،جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے،پولیس جرم سرزد ہونے کا انتظار کئے بغیر پیشگی ایکشن کی اہلیت پیدا کرے،عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لئے جو کچھ بھی کرنا پڑا کریں گے،پولیس چیک پوسٹوں کے درمیان پولیس پٹرولنگ کا انتظام کیا جائے۔
اجلاس میں پولیس کو ایک ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی، سینیئر صوبائی منسٹر مریم اورنگزیب،وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری،ایم پی اے ثانیہ عاشق،بریگیڈئر (ر) بابر علاؤالدین، چیف سیکرٹری،ہوم سیکرٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی اور دیگر پولیس حکام نےشرکت کی۔