سٹی42: نیب نے 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کی تحقیقات کے لئےسابق وفاقی وزیر شیخ رشید کو منگل 12 ستمبر کو طلب کر لیا۔
نیب نے شیخ رشید کو کل ساڑھے نو بجے نیب راولپنڈی پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ شیخ رشید کو اس کیس کی تحقیقات کے لئے پہلے بھی طلب کیا جا چکا ہے لیکن وہ نیب کے طلب کرنے پر نہیں آئے تھے۔
شیخ رشید کو متعلقہ دستاویزات بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شیخ رشید کی طلبی کے حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ آپ 3 دسمبر 2019 کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شریک تھے۔ اس اجلاس میں نوٹ برائے پرائم منسٹر ڈیٹڈ 2 دسمبر 2019 اور کانفیڈنشلٹی کا معاہدہ سر بمہر لفافہ میں بند "کانفیڈنشلٹی کا معاہدہ" پیش اور منظور کئے گئے تھے۔ آپ اس عمل کے گواہ تھے اور اس میں شریک تھے۔ آپ کے پاس اس اوفینس کے متعلق معلومات اورر شہادتیں موجود ہیں۔ اس لئے آپ کو ایک بار پھر کہا جا رہا ہے کہ کل 12 ستمبر کو صبح ساڑھے نو بجے نیب راولپنڈی کے دفتر واقع جی سکس اسلام آباد میں سی آئی ٹی انسویسٹیگیشن ونگ2 کے سامنے پیش ہوں اور اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لئےمتعلقہ دستاویزات ساتھ لائیں۔
شیخ رشید کو خبردار کیا گیا ہے کہ انہوں نے اس ہدایت کی تعمیل نہ کی تو انہیں متعلقہ نیب قانون کے تحت تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔