(عمراسلم)قائد حزب اختلاف شہبازشریف کہتے ہیں بیگم کلثوم نواز کی وفات شریف خاندان کے لئے بہت بڑا صدمہ تھا ،تین سال گزرگئے لیکن پورا خاندان ان کی وفات کے صدمے کو بھلا نہیں پایا، مریم نواز نے کہا اللہ آپ کو اپنی رحمتوں کے سائے میں رکھے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سدر شہبازشریف کا بیگم کلثوم نوازکی برسی کے موقعہ پرکہناتھاکہ بیگم کلثوم نواز کی دانش مندی اور بصیرت مثالی تھی، آئین اور جمہوریت کے لئے انہوں نے تاریخی کردار ادا کیا،آمریت کے خلاف وہ سڑک پر نکلیں تو قوم نے ان کا بھرپور ساتھ دیا ۔
بیگم کلثوم نواز نے اپنی بہادری سے آئین و جمہوریت کے لئے تاریخی باب لکھا ہے، کلثوم نواز دین دار اور مشرقی اقدار پر کاربند گھریلو خاتون تھیں،دعاگو ہیں کہ اللہ تعالی انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی برسی پر اُن کی بیٹی مریم نواز نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی ایک دن ایسا نہیں گزرا جب میں نے آپ کو شدت سے یاد نہ کیا ہو، آپ کے بغیر زندگی کبھی ایک جیسی نہیں رہے گی,مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ اللہ آپ کو اپنی رحمتوں کے سائے میں رکھے۔ آمین۔
واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز کو گلے کے سرطان کی تشخیص ہونے کے بعد علاج کی غرض سے لندن کے ایک نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا اور طویل علالت کےبعد وہ 11 ستمبر 2018ء کو لندن میں انتقال کر گئیں، شوہرمیاں نوازشریف اور بیٹی مریم نواز کوان کےانتقال کی خبر اڈیالہ جیل میں دی گئی۔
بیگم کلثوم نواز ایک بہادر خاتون تھیں جنہوں نے آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، ان کا نام سیاست کے میدان میں اہم کردار ادا کرنیوالی خواتین میں نمایاں رہے گا۔