(سٹی42) بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح کی آج 73ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام سےمنائی جارہی ہے، برصغیر پاک و ہند کے مسلمان عظیم قائد کی بدولت آج آزادی کی زندگی گزار رہے ہیں۔
ملت کا پاسباں ہے محمد علی جناح
ملت ہے جسم،جان ہے محمد علی جناح
بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے، کسی کو معلوم نہ تھا کہ یہ شخص برصغیر کے مسلمانوں کی زندگی تبدیل کر دے گا۔ اپنی انتھک جدوجہد بہترین قیادت اصولوں پر ڈٹے رہنے والی شخصیت نے وہ کارنامہ سرانجام کر دکھایا جو رہتی دنیا تک مسلمانوں کے لئے یادگار رہے گا، ایک وکیل کی حیثیت سے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز کرنے والے محمد علی جناح نے انڈین نیشنل کانگریس اور پھر مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے ہمیشہ اصولوں پر مبنیٰ سیاست کی۔
تو ہی شمع کارواں ہے تو ہی منزل کی فلاح
زندہ و پائندہ باد اے قائد اعظم محمد علی جناح
انہوں نے 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کے حصول کی جدوجہد شروع کردی،یہ قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت اور کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں نے 14 اگست 1947ءکو آزاد اسلامی ریاست حاصل کی اور پاکستان وجود میں آیا، قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان کےپہلے گورنر جنرل تھے۔
یوں دی ہمیں آزادی کی دنیا ہوئی حیران
اے قائد اعظم تیرا احسان ہے احسان
آزادی کے بعد قائد اعظم کی طبیعت ناساز رہنے لگی، کئی بیماریوں سے لڑتے لڑتے مسلمان ہند کو علیحدہ وطن اور شناخت دلانے والے عظیم رہنما محمد علی جناح11 ستمبر 1948ء کو دنیا فانی سے کوچ کر گئے،لیکن پاکستانی قوم رہتی دنیا تک قائد اعظم کی احسان مند رہے گی۔