لاہور ہائیکورٹ نے عمران سعید ملک کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی

11 Sep, 2021 | 01:17 PM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) کنٹونمنٹ بورڈ سیالکوٹ کے الیکشن میں اثاثے چھپانے کا معاملہ، ہائیکورٹ نے عمران سعید ملک کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی، ہائیکورٹ نے کاغذات مسترد ہونے کیخلاف اپیل منظور کرتے ہوئےتحریری فیصلہ بھی جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس سلطان تنویر نے عمران سعید ملک کی درخواست پر بارہ صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کیا، فیصلے میں کہا گیا کہ عدالتی فیصلوں کے تحت نااہلیت کیلئے جائیداد چھپانے کے پیچھے بدنیتی سے فائدہ اٹھانے کا الزام ثابت کرنا ضروری ہے، فائدہ اٹھانے میں ممکنہ طور پر ٹیکس چوری اور کرپشن کے ذریعے جائیداد کا حصول شامل ہو سکتے ہیں۔ 

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ یہ فلٹر لگانے کا مقصد کسی بے ایمان شخص کا منتخب ہونے کا راستہ روکنا ہے، قانون سازی کا یہ مقصد نہیں کہ تکنیکی غلطیوں پر کسی کا منتخب ہونے سے راستہ روکا جائے، قانون کی یہ منشا بھی نہیں کہ جائز آمدن سے بنی جائیداد غلطی سے ڈیکلیئر نہ کرنے پر امیدوار کے انتخاب کا راستہ روک دیا جائے، عدالتی فیصلوں کے تحت یہ طے شدہ اصول ہے کہ صرف جائیداد ظاہر نہ کرنا یا مس ڈیکلیریشن کسی کو نااہل کرنے کیلئے کافی نہیں۔

  ہائیکورٹ کے فیصلے میں شمونہ بادشاہ قیصرانی کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ جائیداد ظاہر نہ کرنے کا مقصد یا اسکے پیچھے نیت دیکھنا ضروری ہے، امیدوار کو تبھی نااہل کیا جا سکتا ہے جب اثاثے غیر قانونی ہوں یا کسی فائدے کیلئے چھپائے گئے ہوں۔

مزیدخبریں