لوئر مال (علی ساہی) آئی جی پنجاب کا پہلا انقلابی حکم، مانیٹرنگ اور شہریوں کی بڑھتی ہوئی شکایات کے ازالے کیلئے وارڈنز اور آپریشنز فورس کی یونیفارم میں کیمرے لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار نے فورس کی دوران ڈیوٹی مؤثرمانیٹرنگ، شہریوں کی پولیس کے غلط رویے کے خلاف شکایات دور کرنے کیلئے پولیس اہلکاروں کی یونیفارم میں کیمرے نصب کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، پہلے مرحلے میں ٹریفک وارڈنز کی یونیفارم میں فرنٹ کیمرے لگائے جائیں گے۔
دوسرے مرحلے میں آپریشنز پولیس کی وردیوں میں کیمرے لگائیں جائیں گے، دونوں ونگز فیلڈ میں ڈیوٹی کرتے ہوئے عوام کے ساتھ ڈائریکٹ رابطہ میں ہوتے ہیں، انہی فورسز کی زیادہ شکایات موصول ہوتی ہیں، آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی آئی ٹی کو پراجیکٹ کیلئے فزبیلٹی رپورٹ تیار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
اجلاس کے دوران آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ عدالتی مفروران کی تازہ ترین تفصیلات لے کر عدالتوں سے ان کے ضمانتیوں کی ضمانتیں ضبط کروائی جائیں، متعلقہ سیشن ججز کو درخواست کریں کہ مفروران کی ضمانتیں دینے والوں کے شناختی کارڈ نمبرز کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔
ڈی آئی جی آئی ٹی نے بریفنگ میں بتایاکہ پنجاب پولیس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے جنرل پولیسنگ اور سروس ڈلیوری کو مزید موثر بنار ہی ہے۔پنجاب پولیس کے آئی ٹی سافٹ وئیرز کی پی ، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور بلوچستان پولیس کو بھی فراہم کئے گئے ہیں۔