قرنطینہ مراکز کے انتظامات میں کرپشن کا انکشاف

11 Sep, 2020 | 05:03 PM

Arslan Sheikh

( سعود بٹ ) کورونا قرنطینہ مراکز کے انتظامات میں کرپشن، بندر بانٹ اور من پسندوں کو نوازنے کا انکشاف، نیب لاہور نے ایکسپو سینٹر، کالا شاہ کاکو اور یو ای ٹی کیمپس میں بنائے گئے مراکز کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

نیب نے کورونا قرنطینہ مراکز میں مبینہ کرپشن کی شکایات پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق قرنطینہ مراکز کے لیے ٹینڈرز، بڈنگ اور سامان کی خریداری، لکڑی کے کیبن، شیشے کے دروازے، بیڈزسمیت دیگر اشیا کی خریداری کا ریکارڈ مانگا گیا ہے۔

پنجاب حکومت، محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے تحقیقات کی جارہی ہیں،۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ قرنطینہ مراکز کے ٹھیکوں میں من پسند افراد کو نوازنے کے شواہد بھی موصول ہوئے ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق قرنطینہ سنٹرز میں اشیاء کی خریداری کے بعد کیے گئے آڈٹ کی رپورٹس بھی مانگی گئی ہیں۔ ایکسپو سینٹر میں چار ہالز میں ایک ہزار پچاس جبکہ کالا شاہ کاکو میں پچیس بستروں پر مشتمل سینٹر بنایا گیا تھا۔  

دوسری جانب شہریوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر میں وبا کے دوران اب تک 49 ہزار120 کیسز سامنے آئے اور 858 اموات ہوچکی ہیں۔ پنجاب بهر میں چوبیس گهنٹوں کے دوران کورونا کے 72 نئے کیسز جبکہ ایک موت کی تصدیق کی گئی ہے۔

پنجاب میں کورونا کیسزکی مجموعی تعداد 97 ہزار 533 جبکہ 2 ہزار 214 اموات ہوچکی ہیں۔ ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق صوبے میں 94 ہزار 258 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ 

مزیدخبریں