(سعود بٹ)قومی خزانہ کی بدعنوان عناصر سے حفاظت کے حوالے سے چیئرمین نیب کی ہدایات پر عملدرآمد جاری۔ حکومت پنجاب نے قومی دولت برآمدگی کیلئے نیب لاہور کی کاوشوں کا اعتراف کر لیا۔
ترجمان نیب لاہور کے مطابق سیکٹری کوکل گورنمنٹ نے ڈی جی نیب لاہور کو سرکاری رقوم کی ریکوری کیلئے اظہار تشکر کا خط لکھا۔ ترجمان نیب کے مطابق لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب نے ساڑھے 21 کروڑ کی وصولی پر نیب لاہور کے اقدامات کو سراہا۔ نیب لاہور کی جانب سے 2018 میں میسرز اے اے فلومیٹک کےخلاف 514 فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کے معاہدے کی پاسداری نہ کرنے کی رپورٹ پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
نیب لاہورکے مطابق تحقیقات میں میسرز اے اے فلومیٹک کا موبلائزیشن ایڈوانس وصولی باوجود مکمل واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب نہ کئے جانے کا انکشاف ہوا۔ گزشتہ سال 2019 میں شواہد کے حصول پر چیف ایگزیکٹو میسرز اے اے فلومیٹک کی گرفتاری پر عملدرآمد کیا گیا۔نیب ٹیم کی جانب سے ملزم کی بینک گارنٹی شدہ رقم ساڑھے 21 کروڑ روپے برآمد کروا کر حکومتی خزانے میں جمع کروائی گئی۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ کا رقم برآمدگی پر نیب لاہور سے اظہار تشکر کیلئے تعریفی لیٹر بھی جاری کیا گیا ہے۔
ڈی جی نیب لاہور کے مطابق نیب ایک قومی ادارہ ہے اور ملکی دولت کی نگہبانی فریضہ کے طور پر ادا کرتا رہے گا۔ بدعنوان عناصر کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔